ٹرمپ نے چینی درآمدات پر 50 ارب ڈالر کے محصولات عائد کر دیے

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی درآمدات پر کم و بیش 50 ارب ڈالر کے محصولات عائد کرنے کے صدارتی حکم نامے پر دستخط کر دیئے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کی درآمدات پر محصولات لگانے کے حکم نامے پر دستخط کرتے ہوئے کہا کہ یہ متعدد میں سے پہلا تجارتی ایکشن ہے۔

امریکی صدر کے اس اقدام سے چین کی تقریباً 50 ارب ڈالر کی درآمدات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے حکام کا کہنا ہے کہ اقدام کا مقصد چین کے اس غیر منصفانہ تجارتی طریقہ کار کو روکنا ہے جس کے ذریعے سے بیجنگ ہماری کمپنیوں کے املاک دانش یعنی نت نئے خیالات کو چوری کر رہا ہے۔

چین کے خلاف تازہ ترین امریکی ایکشن کے تحت امریکا کے تجارتی نمائندے رابرٹ لائٹیزر چین کے غیر منصفانہ تجارتی اقدامات کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ 15 روز میں جاری کرے گا جس میں امریکی املاک دانش کی چوری میں ملوث چینی مصنوعات کی فہرست شامل ہو گی۔

وائٹ ہاؤس حکام کا کہنا ہے کہ امید کرتے ہیں دوسرے ممالک بھی چین کے خلاف اس اقدام میں ہمارا ساتھ دیں گے۔

Comments
Loading...