
’افواجِ پاکستان نے کم وسائل کے باوجود دشمن کے دانت کھٹے کیے‘
اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ یومِ پاکستان کی پریڈ افواجِ پاکستان کے نظم و ضبط کی مثال ہے، ہماری فوج نےکم تعداد اورکم وسائل کے باوجود دشمن کے دانت کھٹےکیے اور دہشت گردی کو ختم کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آبادمیں منعقدہ23مارچ کی پریڈ میں حصہ لینے والوں کےاعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ممنون حسین کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان مادروطن کےتحفظ کےلیے سینہ سپر ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق کردار پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتاہوں، ہماری فوج نےکم تعداد اور کم وسائل کے باوجوددشمن کےدانت کھٹےکیے ہوئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان کی پریڈ افواج پاکستان کےنظم وضبط کی اعلیٰ مثال اور دفاعی استعداد کی صلاحیتوں کامظہر ہے، قائد اعظم کے منشور ایمان،اتحاد اور نظم وضبط کا مظاہرہ ہرشعبہ زندگی میں کرناچاہیے تاکہ ہم اچھی قوم کی بن سکیں۔
واضح رہے کہ 23 مارچ کو ملک بھر میں 78واں یوم پاکستان ملی جوش جو جذبے سے منایا گیا، دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ چاروں صوبوں میں 21، 21 توپوں کے گولے فائر کر کے سلامی دی گئی جبکہ نماز فجر میں ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں تھیں۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں یوم پاکستان کی روایتی پریڈ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، تقریب میں صدرِ مملکت ممنون حسین، وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور تینوں مسلح افواج نے شرکت کی اور جوانوں کی سلامی قبول کی۔