پی ایس ایل فائنل: پشاور زلمی کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

راچی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پشاور زلمی اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ فائنل جیت کر دوسری بار چیمپئن بننے کے لیے بے تاب ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی کے قائد ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے اور لاہور میں آخری میچ کھیلنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان جے پی ڈومنی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی دکھ رہی ہے لیکن پہلے بولنگ کر رہے ہیں۔

ڈومنی کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور ایلکس ہیلز کی جگہ چیڈوک والٹن کو شامل کیا گیا ہے۔

پشاور زلمی کے کامران اکمل، آندرے فلیچر، لیام ڈاؤسن، کرس جارڈن، وہاب ریاض اور حسن علی اہم ہتھیار ہیں جن پر کپتان ڈیرن سیمی کا انحصار ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی، جے پی ڈومینی، سیموئل بدری، چیڈوک والٹن، اسٹیون فن اور سمت پٹیل وہ غیرملکی کھلاڑی ہیں جو کسی بھی وقت کچھ بھی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

گزشتہ روز پشاور اور اسلام آباد کی ٹیموں کے کپتانوں نے نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس بھی کی تھی۔

جے پی ڈومینی کا کہنا تھا کہ کراچی کی وکٹ پر اب تک کوئی میچ نہیں ہوا ہے، دونوں میں سے جو ٹیم بھی وکٹ کو جلد سمجھ لے گی جیت کے امکانات اسی ٹیم کے زیادہ ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام لڑکے فائنل کے لیے تازہ دم اور بھرپور طریقے سے تیار ہیں اور میچ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ ٹائٹل کے دفاع کے لیے تیار ہیں اور کراچی میں کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کرنے پر خوش ہوں، پاکستان میں کرکٹ کو ہمیشہ انجوائے کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس میچ کے بعد دنیا کو بتاؤں گا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے اچھی جگہ ہے اور یہاں کے لوگ بھی بہت پیار کرنے والے ہیں۔

لیوک رونکی بمقابلہ کامران اکمل؟

اسلام آباد اب تک ٹورنامنٹ کی سب سے مضبوط ٹیم ابھر کر سامنے آئی ہے جب کہ پشاور زلمی دفاعی چیمپئن ہے۔

کپتان مصباح الحق اور فاسٹ بولر رومان رئیس کی انجریز کے باوجود اسلام آباد کی فتوحات کا سلسلہ ٹورنامنٹ میں جاری رہا۔

اسلام آباد کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے لیوک رونکی اپنی جارحانہ بلے بازی کے لیے شہرت رکھتے ہیں، اگر ان کی جانب سے جارحانہ آغاز فراہم کیا گیا تو وہ پشاور زلمی کے بولرز کے لیے مشکلات کھڑی کر سکتے ہیں۔

کامران اکمل کی صورت میں پشاور زلمی کے پاس بھی جارح مزاج اوپنر ہیں جو پی ایس ایل میں دو سنچریاں اسکور کرنے والے واحد بلے باز ہیں۔

اس سے قبل ایلیمنیٹر میچ میں کراچی کنگز کے خلاف کامران اکمل کی 77 رنز کی برق رفتار اننگز نے ان کی ٹیم کو بڑے ہدف تک پہنچایا اور جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

پشاور زلمی کا پی ایس فائنل تک کا سفر مشکلات سے بھرپور رہا، ایک موقع پر زلمی کے ٹاپ فور میں جگہ بنانے کے بھی امکانات کم تھے

Comments
Loading...