
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی: آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ پر ایک میچ کی پابندی
نوبی افریقا کے خلاف جاری کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آئی سی سی نے آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ پر ایک میچ کی پابندی عائد کر دی ہے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ پر میچ فیس کا 100 فیصد جرمانہ اور ایک میچ کی پابندی عائد کی۔
اس کے علاوہ آسٹریلوی کپتان کو 4 ڈیمیرٹ پوائنٹس بھی دیے گئے ہیں۔
قبل ازیں کرکٹ آسٹریلیا نے آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کو جنوبی افریقا کے خلاف جاری تیسرے ٹیسٹ میچ میں کپتانی سے برطرف کرتے ہوئے ان کی جگہ وکٹ کیپر ٹم پین کو قیادت کی ذمہ داری سونپ دی تھی۔
آسٹریلیا کے ابتدائی بلے بار کیمرون بین کرافٹ جنہیں کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے تیسرے روز کیمرے کی آنکھ میں بال ٹیمپرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا، ان پر بھی میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور ساتھ ہی انہیں 3 ڈیمیرٹ پوائنس بھی دیئے گئے ہیں۔
آسٹریلوی کھلاڑی نے فیلڈنگ کے دوران اپنی جیب میں چھپائی گئی ٹھوس چیز سے گیند کو کھریدنے کی کوشش کی اور اس منظر کو کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا۔
میچ کے دوران امپائرز کی مداخلت پر 25 سالہ آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بین کرافٹ نے اس حوالے سے امپائروں سے بات بھی کی۔
بعدازاں کپتان اسٹوین اسمتھ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے اعتراف جرم کیا اور کپتان اسمتھ نے بھی اعتراف کیا کہ انہیں بال ٹیمپرنگ سے متعلق علم تھا اور یہ منصوبے کے تحت کیا گیا۔
اسٹیون اسمتھ نے کہا کہ بال ٹیمپرنگ کا فیصلہ ہمارا اپنا تھا تاہم اس میں کوچ یا بورڈ کا کوئی فرد شامل نہیں۔
دونوں آسٹریلوی کھلاڑیوں نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میچ کے دوران سازگار بیٹنگ پچ کی وجہ سے بولنگ دشوار تھی اور اسی وجہ سے ‘ٹیم کی قیادت’ نے بول کو کھرید کر فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے واقعے کی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا اور اس حوالے سے 2 عہدیداروں کو فوری طور پر جنوبی افریقا بھیجنے کا اعلان کیا ہے جب کہ آسٹریلوی حکومت نے بھی کرکٹ بورڈ سے سفارش کی کہ کپتان اسمتھ کو قیادت سے برطرف کیا جائے۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے لئے کپتان اسٹیون اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر قیادت کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے جن کی جگہ ٹم پین قائم مقام کپتان کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ڈیوڈ پیور کا کہنا ہے کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں 33 سالہ ٹم پین کو قائم مقام کپتان مقرر کردیا گیا ہے تاہم اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر ٹم پین کی قیادت میں میچ کا حصہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹ ٹاؤن ٹیسٹ میں جو ہوا وہ کرکٹ آسٹریلیا کے لئے مایوس کن ہے اور اس کی جلد تحقیقات کے لئے مکمل تعاون کریں گے جب کہ اس حوالے سے تمام دستیاب معلومات فراہم کی جائیں گی۔
کرکٹ میں بال ٹیمپرنگ:
1994 میں انگلینڈ کے کپتان مائیک ایتھرٹن جنوبی افریقا کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کرتے پکڑے گئے تھے اور اعتراف جرم کرنے پر انہیں 2 ہزار پاؤنڈ جرمانہ ادا کرنا پڑا۔
اس واقعے کے سات سال بعد بھارت کے مایہ ناز بلے باز سچن ٹنڈولکر بال ٹیمپرنگ کرتے پکڑے گئے اور ان پر ایک میچ کی پابندی بھی لگی۔
بال ٹیمپرنگ کا سب سے بڑا تنازع اس وقت منظرعام پر آیا جب 2006 کے اوول ٹیسٹ میں امپائروں نے پاکستان ٹیم پر بال ٹیمپرنگ کا الزام لگایا لیکن کپتان انضمام الحق نے اس الزام کو بے بنیاد قرار دیا اور ٹیم کو گراؤنڈ سے باہر لے گئے اور ایسا کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا۔
بعدازاں آئی سی سی کے ٹریبونل نے انضمام الحق کو بال ٹیمپرنگ الزامات میں کلئیر قرار دیا تاہم میچ کو متاثر کرنے پر ان پر چار میچز کی پابندی عائد کی گئی۔