شیخ رشید نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کر دیا

راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی حمایت میں جیل بھرو تحریک کا اعلان کرتا ہوں، جیل کا دروازہ ہم توڑ دیں گے، اگر امپورٹڈ حکومت کو ختم نہ کیا تو میرا نام شہباز شریف رکھ دینا۔

لال حویلی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان سے اسمبلیاں توڑنے کی درخواست کی تھی، آج عمران خان سے کہا اسمبلیوں سے استعفے دے دو، آج تمام چور اکٹھے ہوگئے ہیں، جس شخص پر کل فرد جرم لگنی ہے وہ وزیراعظم بننے جا رہا ہے، یہ پاکستان کے اوپر دھبہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی غیرت مندوں اور وفاداروں کا شہر ہے، عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، عمران خان کیساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا، غریب چور کی 10 سال ضمانت نہیں ہوتی، آج لندن میں بہت بڑا مظاہرہ ہوا، اس مہینے میں نقشہ بدلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج راہول گاندھی نے ٹویٹ کیا اور مودی کو کہا کہ جو قوم 10 ارب میں بک جاتی ہے اس کے لیے تم نے فالکن جہاز لیے، جو لندن سے بیٹھ کر فوج کو گالیاں دیتا تھا وہ غدار ہے، لال حویلی چوروں کیخلاف لال قلعہ بننے جا رہی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ بلاول بھی کراچی سے نکلا تھا میں بھی کراچی سے نکلوں گا، رات کی تاریکی میں فیصلہ نہیں کرنے دیں گے، آج ن لیگ، پیپلزپارٹی والے کیسز کی فائلیں بدلتے رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کہتا ہے کہ 3 ماہ میں الیکشن نہیں ہوسکتے، قربان جاؤ، ملک میں خانہ جنگی کے حالات پیدا ہو چکے ہیں، آرمی چیف سے فوری انتخابات کا مطالبہ کرتا ہوں۔

Comments
Loading...