دنیا کی معمر ترین انسان 119 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں

ٹوکیو: جاپان میں دنیا کی معمر ترین شخصیت کا اعزاز پانے والی کانے تاناکا چند دن کی علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے دنیا کی معمر ترین شخصیت کا اعزاز پانے والی کانے تاناکا جاپان کی مقامی نرسنگ ہوم رہائش پذیر تھیں جہاں آج ان کا انتقال ہوگیا۔

کانے تاناکا 2 جنوری 1903 میں جاپان کے جنوب مغربی علاقے فیوکیوکا میں پیدا ہوئی تھیں وہ جوانی میں نوڈلز اور رائس کیک کی دکان چلاتی تھیں اور 1922 میں شادی کی۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے 2019 میں کانے تاناکا کو دنیا کی معمر ترین خاتون کے اعزاز سے نوازا تھا اور انھوں نے اس اعزاز کو اپنی زندگی کا یادگار ترین لمحہ قرار دیا تھا۔

119 سالہ کانے تاناکا صبح 6 بجے اُٹھ کر لازمی چہل قدمی کرتیں اور دوپہر میں ریاضی کی مشق کرتیں جو ان کا پسندیدہ مضمون تھا۔ اس کے بعد کیلی گرافی بھی کرتیں۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے اپنی طویل العمری کا راز واک اور سادہ غذا کو قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ دنیا کا سب سے طویل العمر فرد کا ریکارڈ فرانسیسی خاتون کے پاس ہے جو گینز بُک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق 1997 میں 122 سال کی عمر میں وفات پاگئی تھیں۔

 

Comments
Loading...