ریلوے کا عید الفطر پر 5 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

اہور: ریلوے نے عید الفطر پر 5 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ریلوے انتظامیہ نے عید الفطر پر رش کے پیش نظر عید اسپیشل ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے 5 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پہلی عید اسپیشل ٹرین 29 اپریل کو کراچی سٹی سے سہ پہر ڈھائی بجے روانہ ہوکر اگلے روز رات 11 بجے پشاور کینٹ پہنچے گی، دوسری ٹرین کوئٹہ سے صبح 10 بجے روانہ ہو کر اگلے روز سہ پہر 3 بجے راولپنڈی پہنچے گی، تیسری ٹرین 30 اپریل کو کراچی کینٹ سے رات 7 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہو کر رائیونڈ ریلوے اسٹیشن سے ہوتی ہوئی اگلے روز سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔

چوتھی ٹرین 7 مئی کو راولپنڈی سے صبح  9 بجے روانہ ہو کر گجرات، لاہور اور سبی سے ہوتی ہوئی اگلے روز سہ پہر 2 بج کر 15 منٹ پر کوئٹہ پہنچے گی جبکہ آخری اور پانچویں عید اسپیشل ٹرین 8 مئی کو لاہور سے دن 11 بجے روانہ ہو کر اگلے روز صبح 7 بج کر 15 منٹ پر کراچی کینٹ پہنچے گی۔

Comments
Loading...