اداکارہ یشما گل کی مدینہ منورہ میں ثنا خان سے ملاقات

کراچی: اداکارہ یشما گل نے عمرے کی ادائیگی کے دوران سابق بھارتی اداکارہ ثنا خان سے ملاقات کی ہے۔

اداکارہ یشما گل نے حال ہی میں رمضان المبارک میں اپنے والد کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کی ہے۔ اداکارہ کو عمرے کی ادائیگی کے دوران غلاف کعبہ کا ایک ٹکڑا بھی بطور تحفہ ملا تھا اور یہ خوشخبری انہوں نے اپنے تمام مداحوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

اور اب یشما گل نے سابق بھارتی اداکارہ ثنا خان جو دین اسلام کی خاطر شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ چکی ہیں کے ساتھ عمرے کی ادائیگی کے دوران ملاقات کی ہے اور اس ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔

یشما گل نے تصاویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے اپنے گھر اور نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے شہر کی زیارت کا موقع دیا۔ بعد ازاں انہوں نے ثنا خان اور ان کے شوہر انس کے ساتھ ملاقات کو ایک خوشگوار یاد قرار دیا۔

یشما گل نے ثنا خان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا اللہ تعالیٰ ہم میں سے ہر ایک کے ایمان کو ان کی طرح مضبوط بنائے۔ انہوں نے حوصلہ افزائی اور بہترین مہمان نوازی کرنے پر ثنا خان کا شکریہ بھی اداکیا۔

یشما گل نے اپنی اور ثنا خان کی ملاقات کو دوستیوں کی نئی ابتدا قرار دیتے ہوئے لکھا ’’نئی دوستیوں کی ابتدا انشااللہ، اللہ کے لیے‘‘۔

ثنا خان نے یشما گل کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا میری پیاری بہن آپ سے مل کر بے حد خوشی ہوئی۔ ثنا خان نے یشما گل کو ایک بہترین روح قرار دیتے ہوئے لکھا کہ آپ میری دعاؤں میں شامل رہیں گی۔ اللہ ہمیں اس دنیا اور آخرت میں متحد رکھے۔ آپ کے لیے ڈھیروں پیار۔

 

Comments
Loading...