پی آئی اے 31 مئی سے حج آپریشن کا آغاز کرے گی

کراچی: پی آئی اے منصوبے کے مطابق حج آپریشن کا آغاز31 مئی سے کرے گی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق وفاقی وزیر ہوا بازی سعدرفیق کو حج آپریشن، مذہبی زیارات اور اندرون و بیرون ملک سیاحت کے فروغ، فضائی بیڑے میں اضافے جیسے اہم معملات پر بریفنگ دی گئی۔

پی آئی اے منصوبے کے مطابق31 مئی سے حج آپریشن کا آغاز کرے گی، حج آپریشن پاکستان کے 8 شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، پشاور اور کوئٹہ سے کیا جائے گا، سعودی عرب میں حج پروازیں جدہ اور مدینہ منورہ جائیں گی۔

پی آئی اے کا فلائیٹ آپریشن 297 پروازوں کے ذریعے 31 مئی تا 13 اگست تک جاری رہے گا،انھیں بتایا گیا کہ 4 ایئربس 320 طیارے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہونا شروع ہوگئے ہیں، ایک طیارہ گزشتہ ہفتے پاکستان پہنچ گیا ہے جس کی کسٹم اور ایف بی آر سے کلیئرنس کروائی جا رہی ہے، دوسرا طیارہ اس ماہ کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گا، پی آئی اے زائرین کی سہولت کیلیے دمشق اور نجف الاشرف کے فضائی آپریشن کو بھی وسعت دے رہا ہے۔

پاکستانی سیاحوں کی سہولت کی خاطر پی آئی اے نے باکو (آذربائیجان) کی پروازوں کو بھی دگنا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے،شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کیلیے اسکردو، گلگت اور چترال کی پروازوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جارہا ہے،اسکردو کی ہفتہ وار 18، گلگت کی ہفتہ وار 24 اور چترال کی ہفتہ وار 2 پروازیں لگائی جارہی ہیں، ان پروازوں کو اسلام آباد کے علاوہ کراچی، لاہور اور ملک کے دیگر شہروں سے بھی منسلک کیا جارہا ہے۔

اس موقع پروفاقی وزیرہوابازی نے ہدایات دی ہیں کہ اس مقصد کیلیے 1 بوئنگ 777 اور 1 ایئربس 320 کو  طویل مدتی اسٹوریج سے نکالے، انھوں نے ہدایات دی کہ عاشورہ اور اربعین کے موقع پر پی آئی اے دمشق اور نجف کی اضافی پروازیں بھی چلائے جبکہ پی آئی اے کارگو کے شعبے پر خصوصی توجہ اور اس کے فروغ کیلیے ٹھوس اقدامات پر مشتمل سفارشات لے کر آئے۔

Comments
Loading...