
ملالہ یوسف زئی پاکستان پہنچ گئیں
اسلام آباد: نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی برطانیہ سے پاکستان پہنچ گئیں جہاں وہ وزیراعظم سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملالہ یوسف زئی غیرملکی پرواز ای کے 614 کے ذریعے برطانیہ سے اسلام آباد پہنچیں، ان کی ساڑھے 5 سال بعد پاکستان آمد پر بے نظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
ملالہ یوسف زئی فیملی کے ہمراہ ایئر پورٹ سے اسلام آباد کے نجی ہوٹل پہنچیں جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا، نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی وزیرعظم شاہد خاقان عباسی سمیت اہم شخصیات سے بھی ملاقات کریں گی۔
ملالہ یوسف زئی کو صرف 17 سال کی عمر میں 2014 میں امن کے نوبیل انعام سے نوازا گیا، وہ 3 سال دنیا کی بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں بھی شامل رہیں جب کہ کینیڈا کی جانب سے انہیں اعزازی شہریت بھی دی گئی۔
واضح رہے سوات میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے 2012 میں ملالہ یوسف زئی پر حملہ کیا گیا تھا جس کے بعد وہ علاج کی غرض سے برطانیہ منتقل ہوگئی تھیں جہاں صحت یاب ہونے کے بعد انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے لیے آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ لیا۔