پاک ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے ٹریفک پلان مرتب

کراچی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا ٹریفک پلان مرتب کردیا گیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق میچز کے روز شارع فیصل پر کارساز سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑک ٹریفک کے لئے بند ہوگی اور گاڑیوں کو ڈرگ روڈ اور وہاں سے راشد منہاس روڈ کی جانب بھیجا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے ترتیب دیے گئے پلان کے مطابق راشد منہاس روڈ سے براستہ ڈالمیا روڈ اسٹیڈیم جانے والی سڑک بھی بند رکھی جائےگی اور نیپا سے مزار قائد تک یونیورسٹی روڈ اور نیو ایم اے جناح روڈ بھی بند رہےگی۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ لیاقت آباد دس نمبر سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑک ٹریفک کے لئے بند ہوگی اور وہاں سے آنے والی ٹریفک کو کریم آباد اور عائشہ منزل کی طرف موڑا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق میچ دیکھنے کے لئے آنے والوں  کے لئے مخصوص مقامات پر پارکنگ رکھی گئی ہے جن میں گلشن اقبال حکیم سعید گراؤنڈ، اردو یونیورسٹی گراؤنڈ اور سنڈے بازار گراؤنڈ میں ہوگی۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ڈالمیا روڈ پر غریب نواز فٹبال گراؤنڈ میں بھی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے جب کہ کشمیر روڈ پر کے ایم سی گراؤنڈ، کے ڈی اے کلب اور چائنا گراؤنڈ میں پارکنگ رکھی گئی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کے تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز یکم، 2 اور 3 اپریل کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

Comments
Loading...