
سوہائے علی ابڑو کی ’’موٹر سائیکل گرل‘‘ کے ٹریلر نے دھوم مچادی
کراچی: نامور پاکستانی اداکارہ سوہائے علی ابڑو کی فلم ’’موٹر سائیکل گرل‘‘ کے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی۔
فلم’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی پاکستان کی مقبول ترین اداکارہ سوہائے علی ابڑو فلم’’موٹر سائیکل گرل‘‘کے ذریعے ایک بار پھر اپنی اداکاری کا جادو جگانے کیلئے تیار ہیں۔
’’موٹر سائیکل گرل‘‘میں سوہائے ایک ایسی 20 سالہ لڑکی کا کردار ادا کررہی ہیں جو عام خواتین کے برعکس موٹر سائیکل چلانے کا خواب دیکھتی ہیں اور اپنے والد کی خواہش کو پورا کرنے نکل پڑتی ہے جو موٹر سائیکل پر چین کی سرحد سے متصل پاکستان کے آخری شہر خنجراب کا سفر کرنا چاہتے ہیں لیکن زندگی انہیں مہلت نہیں دیتی۔
’’موٹر سائیکل گرل‘‘پاکستانی لڑکی زینتھ عرفان کی حقیقی کہانی پر مبنی ہے اور ان کی ہمت سے متاثر ہوکر فلم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ حال ہی میں فلم کا ٹریلر جاری کیا گیا ہے جس نے ریلیز ہوتے ہی شائقین کے دل چھولیے ہیں۔
خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کے حوالے سے درپیش مسائل کو بھی ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ وہ خواتین جو معاشرے میں رائج گھسے پٹے رواجوں کو توڑنے کا عہد کرتی ہیں ان کی راہ میں کیسی کیسی مشکلات آتی ہیں۔
فلم میں سوہائے علی ابڑو کے ہمراہ ثمینہ پیرزادہ، علی کاظمی اور سرمد کھوسٹ جیسے منجھے ہوئے اداکار شامل ہیں۔ فلم کی ہدایات عدنان سرور نے دی ہیں۔ فلم 20 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔