
سرفراز احمد کی کھلاڑیوں کو سہل پسندی سے بچنے کی ہدایت
کراچی: پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے آسان فتح کے باوجود پلیئرز کو سہل پسندی سے بچنے کی ہدایت کر دی۔
سرفراز احمد نے کہاکہ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹوئنٹی20 میں عمدہ کھیل پیش کیا، فخرالزماں نے اننگز کا عمدہ آغاز کیا اور پھر حسین طلعت اور شعیب ملک نے شاندار اختتام کیا، ہم ہر میچ بغیر ریلیکس ہوئے کھیلنا چاہتے ہیں، ویسٹ انڈیز اچھی ٹیم ہے، ہمیں پورا یقین ہے کہ وہ پیر کو دوسرے میچ میں بھرپور انداز میں واپس آئے گی۔
کپتان نے کہا کہ ہم اس فتح کے باوجود سہل پسندی کا شکار نہیں ہوسکتے، مجھے امید ہے ہماری فارم جاری رہے گی، دوسرا میچ بھی ہمارے لیے بہت اہم ہے، شاہین شاہ آفریدی کو بھی جلد ڈیبیو کا موقع دیں گے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈین کپتان جیسن محمد نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے اچھا نہیں رہا، ہماری بیٹنگ بُری طرح ناکام ہوئی،اگرچہ وکٹ اچھی دکھائی دے رہی تھی لیکن ہم اپنے پلان کے مطابق کھیل پیش نہیں کرپائے، ہمیں مثبت رہتے ہوئے بھرپور انداز میں واپس آنا ہے، ہم دوسرے میچ میں کھیل کی بنیادی باتوں پر عمل کرکے ایسا ممکن بنا سکتے ہیں۔
جیسن محمد نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر ہم اچھا محسوس کررہے ہیں۔
مین آف دی میچ حسین طلعت نے کہاکہ عوام میری بولنگ کے جوہر بھی جلد دیکھیں گے، جس طرح میں عام طور پر کھیلتا ہوں آج بھی ویسا ہی کھیل پیش کیا، پہلا میچ کھیلنے کی کوئی گھبراہٹ نہیں تھی، میں اس موقع کا 2 برس سے انتظار کررہا تھا، میں نے پی سی بی کے 2ہائی پرفارمنس کیمپ میں بھی حصہ لیا ہے۔