سابق جنوبی افریقی صدر نیلسن منڈیلا کی اہلیہ انتقال کر گئیں

جنوبی افریقہ میں نسل پرستی کے خلاف جدوجہد کرنے والے نوبیل انعام یافتہ لیڈر نیلسن منڈیلا کی اہلیہ ونی منڈیلا 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

ونی میڈیکزیلا منڈیلا نے اپنے شوہر اور سابق جنوبی افریقی صدر نیلسن کی طرح نسل پرستی کے خلاف جدو جہد کی۔

نیلسن منڈیلا اور ونی تقریباً 3 دہائیوں تک جنوبی افریقا میں نسل پرستی کے خلاف جدو جہد کی علامت بنے رہے۔

منڈیلا خاندان کے ترجمان نے ونی منڈیلا کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا انتقال پیر کی دوپہر کو ہوا اور وہ رواں برس کے آغاز سے ہی بیماری کے باعث اسپتالوں کے چکر لگا رہی تھیں۔

نوبیل انعام یافتہ ڈیسمنڈ ٹوٹو نے ونی منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نسل پرستی کے خلاف جدو جہد کی ایک علامت تھیں، وہ میرے اور نسلوں کے لیے بہت زیادہ متاثر کن تھیں۔

ونی میڈیکزیلا 1936 میں مشرقی کیپ جو اس وقت ٹرانسکی کے نام سے جانا جاتا تھا میں پیدا ہوئیں اور ان کی نیلسن منڈیلا سے شادی تقریباً 38 سال تک برقرار رہی جس میں نیلسن منڈیلا کی قید کے 27 سال بھی شامل تھے۔

ونی منڈیلا نے خود کو مختلف مقدمات میں پھنسایا جس پر بعد ازاں انہیں اغوا کے کیس میں 14 برس کی سزا ہوئی۔

نیلسن منڈیلا نے تمام تر الزامات کے باوجود اپنی ونی منڈیلا کا ساتھ نہ چھوڑا لیکن فروری 1990 میں جیل سے رہائی کے دو سال بعد ان کی ازدواجی زندگی میں دراڑیں پڑنا شروع ہو گئیں اور پھر دونوں کے درمیان 1996 میں طلاق ہو گئی۔

ونی میڈیکزیلا نے طلاق کے بعد بھی اپنے نام کے ساتھ منڈیلا کا لفظ اور ان سے تعلقات قائم رکھے۔

Comments
Loading...