مشیر قومی سلامتی کی بھارتی ہائی کمشنر سے ملاقات، کشمیر میں مظالم پر اظہار تشویش

اسلام آباد: مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ سے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاک بھارت تعلقات بہتر بنانے اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں مشیر قومی سلامتی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر و استبداد سے حالات مزید کشیدہ ہوں گے۔

مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے کہا کہ ہم بھارت سمیت ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کی پالیسی پر کاربند ہیں اور پاکستان تمام تصفیہ طلب معاملات حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

اس موقع پر بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو تعلقات بہتر بنانا ہوں گے۔

یاد رہے کہ یکم اپریل کو بھارتی سیکیورٹی فورسز نے شوپیاں اور اسلام آباد کے اضلاع میں سرچ آپریشن کے نام پر بربریت کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں اب تک 19 نوجوان شہید اور 100 سے زائد زخمی ہیں۔

Comments
Loading...