
فیس بک سے دور رہنے سے ذہنی دبائو میں یقینی کمی
صرف 5 روز تک فیس بک استعمال نہ کرنے سے انسان کے جسم اور ذہن میں کئی مثبت تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں :ماہرین
لاہور: آج ہر نوجوان پرسوشل میڈیا، بالخصوص فیس بک کا ایسا جنون سوار ہے کہ ہمہ وقت اسی پر لگے ہوتے ہیں۔ تاہم اب سائنسدانوں نے جدید تحقیق میں فیس بک سے صرف 5 دن دور رہنے کا ایسا حیران کن فائدہ بتا دیا ہے کہ ہر کسی کا دل کریگا کہ وہ ابھی اپنا اکائونٹ ڈیلیٹ کر دے۔
ویب سائٹ inquisitr.com کے مطابق آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف کوئنز لینڈ اور کیتھولک یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے اس مشترکہ تحقیق کے بعد بتایا کہ فیس بک سے 5 دن دور رہنے سے انسان کے جسم میں حیران کن تبدیلی آتی ہے اور اس میں ذہنی دبائو کئی گنا کم ہو جاتا ہے ۔
اس تحقیق میں سائنسدانوں نے ان 138نوجوانوں پر تجربات کئے جو باقاعدگی سے فیس بک استعمال کرتے تھے انکی جسمانی و ذہنی صحت کے ٹیسٹ کرنے کے بعد انہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا اور ایک گروپ کے فیس بک استعمال کرنے پر پابندی لگادی گئی جبکہ دوسرے کو معمول کے مطابق فیس بک استعمال کرنے کو کہا گیا۔
پانچ دن بعد دوبارہ دونوں گروپوں کی ذہنی و جسمانی صحت کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں معلوم ہوا کہ جو گروپ تاحال فیس بک استعمال کررہا تھا انکے نتائج بالکل ویسے ہی تھے جبکہ دوسرا گروپ جسے فیس بک استعمال کرنے سے منع کیا گیا تھا ان میں ذہنی سکون پہلے کی نسبت کہیں زیادہ تھا، ذہنی پریشانی کئی گنا کم ہو گئی تھی اور انکی جسمانی صحت بھی پہلے سے بہتر تھی اسکے علاوہ ان میں تنہائی کا احساس بھی بہت کم ہو گیا تھا۔