پنجاب: بارش اور آندھی سے مکانوں کی چھتیں اڑنے کے واقعات میں بچی جاں بحق، 13 زخمی

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت گجرانوالہ، شیخوپورہ، گجرات اور ساہیوال کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث مکانوں کی چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب بارشوں اور تیز ہواؤں کے نتیجے میں درجنوں فیڈرز ٹرپ کرجانے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

خراب موسم کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔

پنجاب کے علاوہ شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی سمیت فاٹا کے قبائلی علاقوں میں بھی گرج چمک کےساتھ ہونے والی بارش سے موسم سرد ہوگیا۔

خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں بنوں، نوشہرہ، مردان، ٹانک، ایبٹ آباد، گلیات اور لوئر دیر میں بھی تیز آندھی اور گرج چمک کےساتھ بارش ہوئی، جس سےگرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔

Comments
Loading...