
اسٹرنگز کی البم ’30‘ کا دوسرا گانا ’اڑ جاؤں‘ ریلیز
پاکستان کا معروف بینڈ اسٹرنگز نے اپنی نئی البم ’30‘ کا دوسرا گانا ’اڑ جاؤں‘ ریلیز کردیا ہے۔
اسٹرنگز گروپ نے اپنے 30 سال مکمل ہونے پر چار سال بعد نئی البم ’30‘ سے واپسی کی ہے جس کا پہلا گانا ’سجنی‘ گزشتہ ماہ ریلیز ہوا تھا۔
البم کا دوسرا گانا ’اڑ جاؤں‘ اسٹرنگز بینڈ کے گلوکار اور گٹارسٹ بلال مقصود نے گایا ہے جس کی ویڈیو جامی مور نے ڈائریکٹ کی ہے ۔
گانے کی ویڈیو ’چائلڈ لیبر‘ پر مبنی ہے جس میں جذبات کا عمدگی سے اظہار کیا گیا ہے اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کا پیغام بھی دیا ہے۔
اس سے قبل جیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹرنگز کا کہنا تھا کہ میوزک جذبات کا اظہار ہوتا ہے اور البم ’30‘ کے ہر گانے میں اردگرد ہوتے واقعات کی کہانی ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ چار برس سے اسٹرنگز بینڈ نے کوک اسٹوڈیو کی میوزک پروڈکشن کی ذمہ داریاں سنبھال رکھی تھیں، یہی وجہ تھی کہ ان کا کوئی البم ریلیز نہیں ہوا تھا۔