تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ، بھارتی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان، پاکستان ساتویں نمبر پر موجود

جیمز اینڈرسن دوبارہ دنیا کے نمبر ایک باﺅلر بن گئے، بلے بازوں میں سٹیون سمتھ سرفہرست، ہاشم آملہ اور ڈین ایلگر کی 2، 2 درجے ترقی، اظہر علی ساتویں نمبر پر برقرار، راہول کی 6 اور ڈی کوک کی 5 درجے تنزلی
دبئی۔ 28جنوری (اے پی پی) بھارتی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، جنوبی افریقہ دوسرے اور پاکستان ساتویں نمبر پر موجود ہے، جیمز اینڈرسن دوبارہ دنیا کے نمبر ایک باﺅلر بن گئے، انہوں نے کاگیسوربادا سے ٹاپ پوزیشن چھینی، بلے بازوں میں سٹیون سمتھ سرفہرست، کوہلی دوسرے نمبر پر برقرار، ہاشم آملہ اور ڈین ایلگر کی دو، دو درجے ترقی ہوئی ہے، ڈی کوک 5 درجے تنزلی کے بعد 20ویں نمبر پر چلے گئے۔ آل راﺅنڈرز میں شکیب الحسن سرفہرست ہیں۔ آئی سی سی نے جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت بھارتی ٹیم سیریز ہارنے کے بعد تین ریٹنگ پوائنٹس کی کمی کے باوجود 121 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے، جنوبی افریقہ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر موجود ہے، بلے بازوں میں سٹیون سمتھ پہلے، ویرات کوہلی دوسرے، جوروٹ تیسرے اور کین ولیمسن چوتھے نمبر پر برقرار ہیں، چیتشور پوجارا ایک درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلے گئے، ان کی جگہ ڈیوڈ وارنر نے پانچویں پوزیشن سنبھال لی، اظہر علی ساتویں نمبر پر موجود ہیں، ہاشم آملہ اور ڈین ایلگر دو، دو سیڑھیاں چڑھ کر بالترتیب 8ویں اور 14ویں نمبر پر آ گئے، ڈی کوک 5 درجے گرنے کے بعد 20ویں نمبر پر چلے گئے، لوکیش راہول 6 درجے تنزلی کے بعد 18ویں نمبر پر چلے گئے، راہانے دو درجے تنزلی کے بعد 23ویں نمبر پر چلے گئے، باﺅلرز میں جیمز اینڈرسن نے دوبارہ ٹاپ پوزیشن سنبھال لی، انہوں نے کاگیسوربادا کو پہلی پوزیشن سے محروم کر دیا، فلینڈر ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر چلے گئے، بھارت کے محمد شامی 2 درجے بہتری کے ساتھ 17ویں نمبر پر آ گئے، بھنشور کمار 22ویں نمبر پر برقرار ہیں، آل راﺅنڈرز میں شکیب الحسن سرفہرست ہیں۔

Comments
Loading...