
مکھیوں کی بھنبھناہٹ سے الیکٹرونک میوزک کی تیاری
لندن: ایک معروف برطانوی موسیقار نے مکھیوں کی بھنبھناہٹ کے ذریعے نیا میوزک تخلیق کرنے کی تیاری شروع کردی۔
برطانوی موسیقار بی اونی سیمپ کے دو جنون ہیں: اول انہیں شہد کی مکھیاں پالنے کا شوق ہے اور دوم وہ موسیقی سے بہت لگاؤ رکھتے ہیں۔ اب انہوں نے ان دونوں شوق کو ملادیا ہے اور مکھیوں کی مختلف آوازوں سے شاندار موسیقی تخلیق کررہے ہیں۔
بی اونی ان کا اصل نام نہیں لیکن وہ مکھیوں کی آوازوں سے موسیقی ایک مقصد کےلیے بنا رہے ہیں کہ لوگ تیزی سے ختم ہوتی ہوئی شہد کی مکھیوں کے بارے میں جان سکیں۔ پوری دنیا میں مکھیوں کے چھتے تیزی سے تباہ ہورہے ہیں جسے ’کالونی کولیپس ڈس آرڈر‘ (سی ڈی سی) کہا جاتا ہے۔ سال 2006ء میں پہلی بار سی ڈی سی عمل کو دیکھا گیا اور اب تک کروڑوں اربوں مکھیاں ختم ہوچکی ہیں۔