
نوکیا 3310 کا اب 4 جی ورژن بھی متعارف کرا دیا گیا
لاہور: (ویب ڈیسک) یاد رہے کہ نوکیا 3310 برسوں بعد دوبارہ 2017ء میں ایک نئے روپ میں متعارف کرایا گیا۔
نوکیا 3310 کی مقبولیت اور اس کی افادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، اب کمپنی ایچ ایم ڈی گلوبل جو 3310 کی فروخت کی ذمہ دار ہے نے 3310 کا 4 جی ورژن بھی متعارف کرا دیا ہے۔
اگر ڈیزائن کی بات کی جائے تو اس گزشتہ سال کے ماڈل جیسا ہی ہے تاہم یہ کچھ لمبا اور موٹا ہے۔ یہ فون دو رنگوں میں دستیاب ہوگا جس میں 2.4 انچ کلر ڈسپلے، دو جی بی ریم اور 512 ایم بی اسٹوریج دی جائے گی، جس میں ایس ڈی کارڈ سے 64 جی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔اس موبائل کی ایک خاصیت اس کی بیٹری بھی ہے جس کی ٹاک ٹائم 5 گھنٹے ہے۔
اس موبائل کے فیچرز کی بات کی جائے تو ایل ای ڈی فلیش کے ساتھ دو میگا پکسل کیمرہ، وائی فائی اور فور جی ایل ٹی ای سپورٹ، بلیوٹوتھ، ایف ایم ریڈیو، ایم پی تھری پلئر اور ہیڈ فون جیک وغیرہ موجود ہوں گے۔
کمپنی کی جانب سے اس ورژن کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم توقع ہے کہ پاکستان میں اس کی قیمت 6000 ہو گی۔