پچ اور کنڈیشنز دیکھ کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، سرفراز احمد

لیڈز: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کہنا ہے کہ ہیڈنگلے گراونڈ پر پچ اور کنڈیشنز کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

سرفراز کا کہنا تھا کہ پہلے بیٹنگ کا فیصلہ ہمارے حق میں نہیں گیا، لیکن بطور کپتان ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیتنا اور فیصلہ کرنا اچھا احساس تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب صبح کے وقت وہ پچ دیکھنے گئے ،تو وہ بیٹنگ کے لیے ساز گار لگ رہی تھی، اور عین ممکن تھا کہ اگر جوروٹ بھی ٹاس جیتے تو وہ بھی ایسا ہی کرتے۔

کپتان سرفراز کا کہنا تھا کہ پہلی اننگز میں ہم سے بیٹنگ کرتے ہوئے غلطیاں ہوئیں لیکن دوسری اننگز میں ہمیں غلطیاں سدھارنے کا ایک موقع ضرور ملے گا اور ہم کوشش کریں گے کہ اچھا اسکور بنا کر انگلینڈ کو لیڈز میں بھی شکست دیں ۔

جیو نیوز کے پروگرام “ اسکور” میں گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ جب آپ دبئی میں کھیل رہے ہوں تو ٹاس جیتنا اچھا لگتا ہے کیوں کہ وہاں حالات بیٹنگ کے لئے سازگار ہوا کرتے ہیں۔

 قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے، ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ لڑکے اسی انداز میں اپنے کھیل کے تسلسل کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔

Comments
Loading...