
شاہ زیب قتل کیس: سپریم کورٹ کا شاہ رخ جتوئی و دیگر ملزمان کی گرفتاری کا حکم
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی سمیت دیگر تمام ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔
اعلیٰ عدالت نے شاہ زیب قتل کیس سے متعلق سول سوسائٹی کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی سمیت سجاد تالپور اور سراج تالپور کو دوبارہ گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں شاہ زیب قتل کیس کے ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں بھی رکھے جانے کا حکم دیا۔
سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کا انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے اور کیس سیشن کورٹ بھیجنے کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ شاہ زیب قتل کیس میں دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کا نیا بنچ سماعت کرکے 2 ماہ میں فیصلہ کرے۔