
انٹرٹینمنٹ لیک می فیشن ویک: جب شاہد کپور کی اہلیہ کا دوپٹہ الجھ گیا
بالی وڈ اداکار شاہد کپور نے پہلی دفعہ اپنی اہلیہ میرا راجپوت کے ساتھ بھارت کے مشہور لیک می فیشن ویک کے ریمپ پر جلوے بکھیرے۔
جوڑے نے بھارتی ڈیزائنر انیتا ڈونگری کی برائیڈل کلیکشن کے شو اسٹوپر کے طور پر شرکت کی۔
اس موقع پر شاہد کپور سفید شیروانی اور پاجامے میں ملبوس نظر آئے جب کہ ان کی اہلیہ نے سفید رنگ کا لہنگا چولی زیب تن کر رکھا تھا۔
حال ہی میں بہترین جوڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے اداکار شاہد کپور کی اپنی اہلیہ کے ساتھ یہ فیشن ریمپ پر پہلی واک تھی، اس موقع پر میرا کچھ گھبرائی ہوئی بھی نظر آئیں۔
شو کے دوران جب شاہد کپور اور میرا راجپوت ریمپ پر آکر کھڑے ہوئے تو شاہد نے میرا کو بڑے رومانوی انداز میں ایسا گھمایا کہ ان کا دوپٹہ ہی الجھ کر رہ گیا۔
اس موقع پر میرا راجپوت چند سیکنڈز کے لیے گھبرائیں لیکن پھر فوراً ہی سنبھل گئیں اور خود اعتمادی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے ریمپ پر اپنی مسکراہٹ سجائی رکھی۔
شاہد کپور اور ان کی اہلیہ کی ریمپ واک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔
مداحوں نے جہاں ان کی جوڑی کی تعریفوں کے پل باندھے تو وہیں کچھ نے مزاحیہ انداز میں دونوں کی واک پر جملے بھی کسے۔
ریمپ پر شاہد کپور بچوں سے پیار کرتے ہوئے بھی دکھائی دیئے، جس نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔