پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جارہا ہے

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور قبضے کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جارہا ہے

۔کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر سمیت ملک بھرمیں آج ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ دنیا بھر کے کئی ممالک میں یوم یکجہتی کشمیر جوش وخروش سے منایا جارہا ہے جب کہ پاکستان میں سرکاری تعطیل ہے، تمام سرکاری، نیم سرکاری، نجی ادارے اور بازار بند ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہرسال کی طرح کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، آزاد کشمیر میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔

پاکستان بھر میں مختلف سیاسی اورمذہبی جماعتوں سمیت مختلف تنظیموں کی طرف سے مظاہرے، ریلیاں، سیمینارز اور دوسری تقریبات منعقد کی جارہی ہیں جب کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق خصوصی دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی۔

پنجاب اسمبلی میں کشمیر کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوگا، کئی ممالک میں پاکستانی ہائی کمیشنز میں خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوگا، کشمیریوں کے حق خودارادیت اور بھارتی فوج کے ظلم وستم پر روشنی ڈالی جائے گی جب کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر اور پیرس میں ایفل ٹاور کے سامنے کشمیریوں کی حمایت میں مظاہرے ہوں گے۔

Comments
Loading...