فلم ’پدماوت‘ نے کروڑوں کی ڈبل سنچری کرلی

بالی وڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوت‘ نے 200 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے بھارتی باکس آفس پر تاریخ رقم کردی۔

ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوت‘ کا تنازع پابندیوں اور ہنگاموں کے بعد تھم چکا ہے، جس میں اہم کردار بھارتی عدالتوں کے فیصلوں کا ہے جس کی وجہ سے انتہا پسند احتجاج واپس لینے پر مجبور ہوئے۔

دپیکا پڈوکون کی فلم ’پدماوت‘ کئی ریاستوں میں پابندی کے باوجود باکس آفس پر تیزی سے کمائی کے ریکارڈ بنا رہی ہے۔

فلم نے بھارت میں نمائش کے 11روز میں ہی 212 کروڑ 50 لاکھ کا بزنس کرکے کروڑوں کی ڈبل سنچری کرلی ہے۔

فلم دنیا بھر میں بھی 131 کروڑ سے زائد کی کمائی کرکے مجموعی طور پر 405 کروڑ روپے کا بزنس کرچکی ہے۔

فلم کی نمائش پر کئی بڑی ریاستوں میں اب بھی پابندی عائد ہے جس میں گجرات، مدھیا پردیش، پنجاب اور راجستھان شامل ہیں۔

انتہا پسند تنظیم کرنی سینا کے احتجاج واپس لینے کے بعد جلد ہی ان ریاستوں میں فلم کی نمائش کا امکان ہے اور فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ نمائش کی اجازت سے باکس آفس کمائی پر بھی بڑا اثر پڑے گا اور ممکن ہے کہ فلم 300 کروڑ کلب میں شامل ہوجائے۔

فلم ‘پدماوت’ میں دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ رنویر سنگھ کی پہلی فلم ہے جو 200 کروڑ کلب میں شامل ہوئی ہے۔

Comments
Loading...