
انٹرنیشنل ویٹ ایکسپورٹ مارکیٹ میں پاکستانی گندم کی مانگ بڑھ گئی،2 لاکھ ٹن گندم غیر ملکی خریداروں نے خرید لی
ہیمبرگ ۔ 9 فروری (اے پی پی) ہمبرگ،جرمنی کی انٹرنیشنل ویٹ ایکسپورٹ مارکیٹ میں اس جمعہ کو ختم ہونے والے ہفتے میں پاکستان کی 2 لاکھ ٹن گندم غیر ملکی خریداروں نے خرید لی۔یورپین ٹریڈرز کے مطابق ملکی برآمدی رعایت کے پروگرام کے نفاذ کے بعد پاکستانی گندم کی برآمد بڑھ گئی ہے،ہمبرگ کی عالمی منڈی سے صوبہ سندھ سے 5 لاکھ ٹن اعلی کوالٹی کی گندم کو برآمد کے لئے کلیئر کیا گیا جس میں 11،12 اور ساڑھے 12 فیصد پروٹین کی حامل 2 لاکھ ٹن پاکستانی گندم کو جمعہ کو ختم ہونے والے ہفتے میں خرید لیا گیا ہے اس طرح تقریباً تمام 5 لاکھ ٹن گندم بک چکی ہے ۔رواں سال جنوری میں ایکسپورٹ سبسٹڈی سکیم کے شروع ہونے کے بعد یورپین ٹریڈرز کے مطابق پاکستان کئی برسوں بعد ملک میں گندم کی بمپر سیل اور ذخیرہ بڑھنے کے باعث ہمبرگ کی مارکیٹ میں نظر آیا ہے،ٹریڈرز کے مطابق صوبہ پنجاب سے مزید ڈیڑھ لاکھ ٹن گندم آئندہ ایک یا دو ہفتوں میں ہمبرگ پہنچے گی جس کی پیشگی خریداری کے آرڈرز موصول ہو رہے ہیںاس بات کی توقع ہے کہ تین سے چار لاکھ ٹن گندم کے مزید برآمدی آرڈرز مل جائیں گے۔پاکستانی برآمدی گندم کے کنٹینرز کارگو ریٹ 201 اور 205 ڈالر فی ٹن ایف او بی پاکستان برائے شپمنٹ ملائشیا ،ویتنام اور دوسرے ممالک کے لئے ہیں جبکہ بلک کارگو کا ریٹ 205 ڈالر فی ٹن ایف او بی ہے۔ہمبرگ کی مارکیٹ میں گندم درآمد کرنے والے ممالک میں کینیا،بنگلہ دیش،سری لنکا،انڈونیشیا اور مشرق وسطی زیادہ سرگرم ہیں۔