
چاول کی برآمدات سات ماہ میں ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی،رفیق سلیمان
گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں موجودہ مالی سا ل جولائی تا جنوری 2018میں چاول کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ،موجودہ مالی سال میں ہم نی22لاکھ81ہزار میٹرک ٹن چاول برآمد کیا ، سینئر وائس چیئرمین ریپ
کراچی (آن لائن)رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان REAPکے سینیئر وائس چیئرمین رفیق سلیمان نے ماہ جنوری کے اختتام پر چاول کی برآمدات کے اعداد و شمار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں موجودہ مالی سا ل جولائی تا جنوری 2018میں چاول کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ موجودہ مالی سال میں ہم نی22لاکھ81ہزار میٹرک ٹن چاول برآمد کیا ہے جس کی مالیت تقریباًً ایک ارب 6کروڑ ڈالر ہے جبکہ گذشتہ مالی سال میں اسی عرصے کے دوران ہم نے 19 لاکھ71ہزار میٹرک ٹن چاول برآمد کیا تھا جسکی مالیت تقریباًً 820ملین ڈالر تھی یعنی اس سال چاول کی برآمدات میں مقدار کے حساب سے 15فیصد اور مالیت کے حساب سے 29فیصد ترقی ہوئی ہے۔رفیق سلیمان نے چاول کی برآمدات ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں سے چاول کی برآمدات خصوصی باسمتی چاول شدید بحران کا شکار تھی اب الحمد اللہ REAPکے ممبران کی مسلسل اور انتھک محنت سے ہم اس بحران سے نکل چکے ہیں۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ اس مالی سال میں ہم نے چالیس لاکھ ٹن پاکستانی چاول برآمد کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے جسکی مالیت تقریباًً دو ارب ڈالر ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ ہم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم یورپی ممالک پر بھی اپنی توجہ مر کوز کر رہے ہیں کیونکہ یورپی ممالک میں چاول میں زرعی ادویات کی مقررہ حد سے زائد مقدار کی موجودگی کی وجہ سے بھارتی چاول پر متوقع پابندی کی وجہ سے بھی پاکستان کے چاول کے برآمد کنندگان ان ممالک میں زیادہ چاول برآمد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت کے متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کرنے کیلئے استدعا کی تاکہ پاکستان کو زیادہ سے زیاد ہ زر مبادلہ فراہم ہوسکے۔انکا کہنا تھا کہ کینیا پاکستانی چاول کا سب سے بڑا خریدار ہے اور گزشتہ مالی سال کے سات مہینوں میں ہم ے تقریباًً 2 لاکھ84 ہزار ٹن چاول برآمدکرچکے ہیں جسکی مالیت تقریباًً 102ملین ڈالر ہے۔ انہوںنے چین کو چاول کی گرتی ہوئی برآمدات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستانی چاول کا دوسرا بڑا خریدار ہے لیکن گذشتہ سات مہینوں میں صرف 1لاکھ 86ہزار ٹن چاول برآمد ہوسکا ہے جسکی مالیت 61ملین ڈالر ہے