جنوبی افریقا نے چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھارت کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 5 وکٹ سے شکست دے دی

جوہانسبرگ۔ 11 فروری (اے پی پی)جنوبی افریقا نے چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھارت کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 5 وکٹ سے شکست دے دی، ڈی ایل میتھڈ کے تحت پروٹیز کو جیت کےلئے 28 اوورز میں 202 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 25.3 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ہینرچ کلازن کو 43 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 289 رنز بنائے جس میں شیکھر دھون کی 109 رنز کی عمدہ اننگز شامل تھی۔ واضح رہے کہ بھارت کو چھ میچز کی سیریز میں 3-1 کی برتری حاصل ہے۔ تفصیلات کے مطابق جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 289 رنز بنائے۔ اوپنر شیکھر دھون نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 109 رنز بنائے۔ کپتان ویرات کوہلی 75 اور ایم ایس دھونی (ناٹ آﺅٹ) 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کگیسو ربادا اور لنگی نگیڈی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقا نے 7.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 43 رنز بنائے تھے کے بارش شروع ہوگئی اور میچ روک دیا گیا۔ دوبارہ میچ شروع ہوا تو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقا کو 28 اوورز میں جیت کے لئے 202 رنز کا ہدف ملا جو اس نے کلازن، ڈیوڈ ملر اور فلکوایو کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 25.3 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر پر حاصل کر لیا۔ کلازن نے 27 گیندوں پر ناقابل شکست 47 رنز بنائے۔ انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ملر 39 ، ہاشم آملہ 33 اور اے بی ڈی ولیئرز 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فلکوایو نے پانچ گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 23 رنز جڑ کر جنوبی افریقا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ کلدیپ یادیو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

Comments
Loading...