
اسلام آباد ۔11 فروری (اے پی پی) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 لودھراں میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ (آج) پیر کو ہوگی۔ 4لاکھ31 ہزار ووٹرز10 امیدواروں میں سے بقیہ مدت کیلئے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق حلقہ میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، فوج کی نگرانی میں انتخابی مواد کی تقسیم کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔ حلقہ میںکل 338 پولنگ سٹیشن اور1043 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ اس حلقہ میں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار سید اقبال شاہ ، تحریک انصاف کے امیدوارعلی جہانگیر ترین اور پیپلزپارٹی کے امیدوار مرزا محمد علی بیگ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ واضح رہے کہ یہ نشست سپریم کورٹ کی جانب سے جہانگیر ترین کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔