نوازشریف اربوں ڈالرواپس لے آئیں توبہ قبول کرلیںگے،عمران خان نثارکوپارٹی میں شمولیت کی دعوت

پیپلز پارٹی اور ن لیگ چیئرمین سینیٹ کی نشست حاصل کرنے کیلئے پیسے لگا رہے ہیں، ایک شخص نے سینیٹ ٹکٹ کےلئے 40کروڑ روپے کی آفرکی، چوہدری نثارآزادالیکشن لڑیںتوہوسکتاہے ان کی حمایت کریں
خواجہ آصف قومی سلامتی کےلئے خطرہ،ججز ان کاکیس روزانہ کی بنیادپرسنیں، خیبرپختونخواحکومت کی ا صلاحات کوملک کے اندراورباہر زبردست پذیرائی مل رہی ہے، شریفوںکے پیسے پر پی ٹی آئی کیخلاف پروپیگنڈہ نہ کیاجائے
اسلام آباد(وقائع نگار)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف بیرون ملک سے اربوں ڈالر واپس لے آئیں تو دونوں کی توبہ قبول کر لیں گے، چودھری نثار کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت اور آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے پر حمایت کا عندیہ بھی دیدیا۔عمران خان نے میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ چیئرمین سینیٹ کی نشست حاصل کرنے کیلئے پیسے لگا رہے ہیں، دونوں بیرون ملک پڑے اپنے اربوں ڈالر واپس لے آئیں تو ان کی توبہ قبول ہے، لگ رہا ہے کہ عام انتخابات بھی وقت پر ہوں گے، نگران حکومت آتے ہی بہت سارے لوگ ن لیگ کو چھوڑ دیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ایک شخص نے انہیں سینیٹ کے ٹکٹ کیلئے 40 کروڑ روپے آفر کئے، چودھری نثار تحریک انصاف میں آ جائیں تو اچھا ہے، وہ آزاد الیکشن لڑیں تو ہو سکتا ہے ان کی حمایت کریں، خواجہ آصف قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، ججز ان کا کیس روزانہ کی بنیاد پر سنیں۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں خبریں آئی بی لیک کرتی ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ پولیس ریفارمز سے بلین ٹری سونامی تک پختونخوا میں کامیاب پالیسیوں کا ایک طویل سلسلہ ہے،پختونخوا میں کی گئی اصلاحات کو ملک کے اندر اور باہر سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نجی میڈیاہاﺅس کامالک اور اور ایک نجی نیوزچینل اخلاقی جرات کا مظاہرہ کریں، شریفوں کے پیسے پر تحریک انصاف اور پختونخوا حکومت کے خلاف پروپیگنڈا مہم چلانے پر معافی مانگیں۔

Comments
Loading...