کوئٹہ آفس میں کروڑوں کی کرپشن،چےئرمین نادرا کا نوٹس، تحقیقات شروع رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال

نادرا کوئٹہ کے ڈی جی کرنل (ر) طلحہ نے کروڑوں کے ٹھیکے من پسند کمپنیوں کو دیئے ، معاہدوں میں پیپرا رولز کی خلاف ورزی کی
اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات کرنےکا فیصلہ،3 رکنی کمیٹی تشکیل ،ذمہ دار افسران کےخلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائےگی، ڈی جی نادرا
اسلام آباد ( شمشاد مانگٹ ) چیئرمین نادرا نے نادرا کوئٹہ آفس میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں اور رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کردی ہے۔ چیئرمین نادرا سے انسداد کرپشن پر کام کرنے والے ادارہ کرپشن واچ نے نادرا کوئٹہ آفس میں جاری کروڑوں روپے کرپشن پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ آن لائن کو ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین نادرا نے نادرا کوئٹہ میں جاری کرپشن کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے اور اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ نادرا کوئٹہ کے ڈی جی کرنل (ر) طلحہ نے کروڑوں روپے کے ٹھیکے من پسند کمپنیوں کو دیئے اور ان معاہدوں میں پیپرا رولز کی خلاف ورزی کی گئی ہے کرپشن پر چیئرمین نے 3 ڈائریکٹر جنرل پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے تحقیقات کی روشنی میں ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی شروع ہوگی ۔حاصل دستاویزات میں نادرا آفس میں ون ونڈو آپریشن کے لئے خریداروں میں مبینہ طور پر لاکھوں روپے کی کرپشن کی گئی تھی اس کے علاوہ دیگر خریداری میں بھی بھاری کرپشن کی گئی ہے۔اس کے علاوہ نادرہ آفس کے این آر سی کی تزئین کے نام پر بھی بھاری کرپشن کی گئی تھی چیئرمین آفس میں لکڑی کے کام اور الیکٹرک ورک میں بھی مبینہ طور پر بھاری کرپشن کی گئی تھی۔ کرپشن واچ نامی تنظیم نے چیئرمین نادرا کے علاوہ چیئرمین نیب کو بھی درخواست ارسال کی اور مطالبہ کیا تھا کہ کرپشن کا نوٹس لے کر ذمہ دار افسران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے۔ آن لائن کے استفسار پر نادرا کے ڈائریکٹر جنرل نے اقرار کیا کہ چیئرمین نادرا نے ڈائریکٹر جنرل کو نادرا کوئٹہ کے خلاف کرپشن شکایت کا نوٹس لے لیا ہے اور تحقیقات کے لئے 3 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار افسران کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

Comments
Loading...