
خلیجی عمرہ زائرین کی سہولت کےلیے نئی موبائل ’ایپ‘ متعارف
عمرہ زائرین موبائل ایپ کی مدد سے حرمین کے قریب رہائش ، مواصلات اور تاریخی مقامات کی زیارت بارے رہنمائی حاصل کر سکیں گے
مکہ مکرمہ: سعودی عرب کی حکومت نے حج وعمرہ کی عظیم المرتبت عبادت کو آسان بنانے کے لیے جدید ہرطرح کی سہولیات فراہم کرنے کا بیڑا اٹھا رکھا ہے۔ اس ضمن میں خلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والے زائرین کے لیے ایک نئی موبائل ایپ متعارف کرائی جا رہی ہے جس کی مدد سے خلیجی عمرہ زائرین اپنے موبائل پر حرمین کے قریبی مقامات میں رہائش، مواصلات اور تاریخی مقامات کی زیارت کا شیڈول حاصل کرسکیں گے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی وزارت حج عمرہ کی طرف سے یہ ایپ ایک ایسے وقت میں متعارف کرائی جا رہی ہے جب سعودی حکومت نے حج اور عمرہ کو آسان بنانے کے لیے کئی نئے اقدامات کیے ہیں۔ سعودی حکومت نے حج اور عمرہ کی عبادات کو سہل بنانے کے لیے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کرنے اور اسے استفادہ کرنے کا راستہ اختیار اخیتار کیا ہے۔ خلیجی ممالک کےعمرہ زائرین کے لیے یہ اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد سہولت ہے۔
خلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والے عمرہ زائرین حجاز مقدس آمد سے قبل عمرہ کے موقع پر اپنی رہائش گاہ، ٹرانسپورٹ کے حصول ، تاریخی مقامات کی زیارت کے اوقات اور دیگر اہم معلومات حاصل کرسکیں گے۔