مشرقِ وسطی میں امن خطے اور عالمی برادری کےلئے ناگزیر ہے ،صدر مملکت

اسلام آباد(آن لائن)صدرِ مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطی میں امن و استحکام خطے اور عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے ‘توقع ہے کہ شام اور لیبیا میں جلد استحکام پیدا ہوگا اور ان دونوں ممالک کی عوام امن وخوشحالی کی زندگی بسر کر سکے گی ‘پاکستان ، شام اور لیبیا کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ‘نامزد سفیر‘دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے اقدامات کریں اور عوام کے درمیان روابط میں اضافے پر توجہ دیں۔وہ بدھ کو ایوانِ صدر میں لیبیا کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر)ساجد اقبال اور شام کے لیے نامزد سفیر ایئر مارشل (ر)راشد کمال سے علیحدہ علیحدہ ملاقات میں کہی۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان ، شام اور لیبیا کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ صدرِ مملکت نے نامزد سفیروں کو ہدایت کی کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے اقدامات کریں اور عوام کے درمیان روابط میں اضافے پر توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ، لیبیا اور شام کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ضروری ہے تاکہ تعلقات میں مزید گہرائی پیدا ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا اور شام کے ساتھ پاکستان کے تعلقات تاریخی ، تہذیبی اور مذہبی بنیادوں پر استوار ہیں۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ شام کے مسئلے پر ہمارا مقف عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ کے اصولوں کے مطابق ہے۔پاکستان چاہتا ہے کہ کسی کی خود مختاری متاثر نہ ہو۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ شام کے مسئلے کا سیاسی حل نکالا جائے گا۔ صدرِ مملکت نے لیبیا کے نامزد سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انجینئرنگ ، ادویات ، زراعت اور بینکنگ کے شعبے میں ٹریننگ کے لیے بہت سے مواقع ہیں جن سے لیبیا کے ادارے استفادہ کر سکتے ہیں۔ صدرِ مملکت نے لیبیا اور شام کے لیے نامزد پاکستانی سفیروں کو ہدایت کی کہ وہ دونوں ممالک میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی ویلفیئر کے لیے بھرپور اقدامات کریں تاکہ انہیں مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Comments
Loading...