
سعودی عرب، بیت رضوان والے”شجرة رسول“ سمیت 4 مقامات منہدم
جدہ ۔ 15 فروری (اے پی پی) گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کی ہدایت پر بنو سعد کے علاقے میں ”شجرة رسول“ سمیت 4 مقامات منہدم کردیئے گئے۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق گورنر مکہ مکرمہ کی جانب سے جاری کردہ حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے گورنریٹ اور دیگر اداروں کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے ”شجرة رسول“ سمیت 4 مقامات کو ختم کر دیا۔ اس حوالے سے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے کہا کہ انہوںنے حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے ان مقامات کو مسمار کیا ہے کیونکہ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بھی اس درخت کو کٹوانے کا حکم دیا تھا جس کے نیچے بیعت رضوان کا تاریخی واقعہ ہو ا تھا۔ وزارت اسلامی امور مکہ مکرمہ کے ڈائریکٹر جنرل شیخ علی صالح العبدلی نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے توحید اور سنت کی فتح ہوئی اور اسلامی شعائر کو تحفظ ملا ہے۔ اسلامی فقہ اکیڈمی کے ماہر ڈاکٹر حسن سفر نے کہا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ایسا کوئی ثبوت نہیں ملتا جس میں ایسے مقام کی جہاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بچپن گزارا ہو یا ایسا درخت جہاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم رہے ہوں یا گزرے ہوں، اس سے تبرک کی کوئی ہدایت کی گئی ہو۔واضح رہے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائر ل ہو ئی تھی جس میں مختلف ممالک سے آنے والے مرد و خواتین معتمرین کو بنو سعد کے علاقے میں اس درخت کو چومتے اور اپنے کپڑوںکو درخت سے رگڑتے دکھایا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی وڈیو گورنر ہاوس تک پہنچی جہاں سے بدعت کو روکنے کے لئے فوری احکامات جاری کئے گئے۔