سازشیوں کی سازشیں میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، نوازشریف

لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ سازشیوں نے اقامہ کی بنیاد بنا کرمجھے نکالا اب کوئی ثبوت نہیں مل رہا لیکن ان کی سازشیں میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔

جاتی امرا لاہور میں کارکنان سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام سے کئے تمام وعدے پورے کئے، بجلی کا جن توانائی منصوبوں سے بوتل میں قید کیا، سی پیک منصوبہ تیار کیا جو ملک کی تقدیر بدل دے گا، دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کردیا لیکن سازشیوں نے اقامہ کو بنیاد بنا کر مجھے نکال دیا، اب کوئی ثبوت نہیں مل رہا تو ریفرنس پر ریفرنس بنا رہے ہیں۔ 

سابق وزیراعظم نے کہا کہ سازشیوں کی سازشیں میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، میں پریشان نہیں ہوں اور نا ہی میرے چاہنے والے پریشان ہیں، ماضی گواہ ہے کہ ہم نے عدلیہ کو بحال کیا اور اب عدل بحال کرکے دم لیں گے، لودھراں کے ضمنی انتخابات نے بتادیا کہ کون عوام کا خیرخواہ ہے اور آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) کو ہی کامیابی ملے گی۔

Comments
Loading...