
سی پیک منصوبہ میں میں دلچسپی سے غیر ملکیوںکی81ارب54کروڑ کی سرمایہ کاری خوش آئند ہے ‘عارف قاسم
غیرملکی سرمایہ کاری سے شاہراہوں کی تعمیر اور توانائی منصوبوں کی تکمیل میں مدد ملے گی ‘صدربورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ
لاہور ( این این آئی) تاجر رہنما سابق صدر بورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور عارف قاسم نے سی پیک منصوبہ میں دلچسپی سے غیر ملکیوں کی 81 ارب 54 کروڑکی سرمایہ کاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے شاہراہوں کی تعمیر اور توانائی منصوبوں کی تکمیل میں مدد ملے گی جس سے ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا اور صنعتی پہیہ مسلسل رواں دواں رہنے سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا ۔ عارف قاسم نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے باعث بین الاقوامی کمپنیوں کی پاکستان میں اربوںڈالر سرمایہ کاری سے ملک ترقی کرے گا اور سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان کو صنعتی لحاظ سے ایشیاءکا ٹائیگر بنانے کا خواب بھی جلد شرمندہ تعبیر ہوگا۔انہوںنے کہا کہ سی پیک روٹس پر خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے سرمایہ کاری بڑھے گی۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل گیم چینجر ثابت ہوگی اور ملک اقتصادی اور معاشی ترقی ترقی میں دیگرہم عصر ممالک کو پیچھے چھوڑ جائے گا۔ملک کے اندر خوشحالی اور ترقی کا دور دورہ ہوگا جس سے ملک کے ہر طبقہ کو فائدہ پہنچے گا۔