
پارٹی صدرکیس ‘ہائیکورٹ کی نوازشریف کو آخری مہلت
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) الیکشن ایکٹ میں ترمیم اور نوازشریف کے پارٹی صدر بننے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔سابق وزیراعظم اور الیکشن کمیشن کا جواب نہ آنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کو جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔الیکشن ایکٹ میں ترمیم اور نوازشریف کے دوبارہ پارٹی صدر بننے کےخلاف ایڈووکیٹ نیاز انقلابی اور ابرار رضا کی درخواست کی سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی۔عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف ، الیکشن کمیشن ،اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن اور اٹارنی جنرل کی جانب سے جوا ب جمع نہ کرانے پربرہمی کا اظہار کیا اور30جنوری تک جواب جمع کرانے کا حکم دیا۔درخواست گزاروں نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کررکھا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017ئ آئین کے بنیادی ڈھانچے سے متصادم ہے۔ عدالتوں میں نواز شریف کی صدارت اور مسلم لیگ ن کی رجسٹریشن کی منسوخی سے متعلق درخواستیں زیر سماعت ہیں۔ لہٰذا فیصلے آنے تک نواز شریف کو بطور صدر مسلم لیگ ن سیاسی سرگرمیاں ادا کرنے سے روکا جائے۔