گوگل کروم میں اشتہارات کی بہتات ختم، سرفنگ آسان

کیلیفورنیا: گوگل نے صارفین کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سرچ انجن کروم میں بلٹ ان ایڈ بلاکر فیچر کو ان ایبل کردیا ہے جس کے باعث غیر ضروری اور غیر متعلق اشتہارات نظر آنا بند ہو جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق معروف سافٹ ویئر کمپنی گوگل نے بے جا اشتہارات سے پریشان سرفنگ کرنے والے صارفین کی آسانی کے لیے اپنے سرچ انجن کروم میں موجود بلٹ ان ایڈ بلاک آپشن کو ان ایبل کردیا ہے جس کے بعد صارفین کو سرفنگ کے دوران اشتہارات کی بہتات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور وہ اپنا کام بلا تعطل جاری رکھ سکیں گے۔

بلٹ ان ایڈ بلاک آپشن سے ایسے تمام اشتہارات جو فل پیج ایڈ، آٹو پلے آڈیو، آٹو پلے ویڈیو اور فلیشنگ ایڈ جیسا مواد رکھتے ہیں فوری طور پر بلاک ہو جائیں گے اور صارفین مکمل اطمینان کے ساتھ سرفنگ کر سکیں گے تاہم کولیشن فار بیٹر ایڈز کے اصولوں کی پابندی کرنے والے اشتہارات اس کی زد میں نہیں آئیں گے جن کی تعداد بہت کم ہوتی ہے اور ان سے صارفین کو کسی پریشانی کا سامنا بھی نہیں ہوتا۔

گوگل نے اشتہارات دینے والی تمام ویب سائٹس اور اداروں کو اس حوالے سے خط بھی لکھ دیا ہے جس میں نا پسندیدہ اشتہارات نہ دینے، بڑے حجم والے اشتہارات سے اجتناب برتنے اور اسکرولنگ کے ساتھ حرکت کرنے والے اشتہارات چلانے سے منع کر دیا ہے، اس اصول پر عمل در آمد نہ کرنے والی ویب سائٹس کو ایک ماہ کے اندر اندر بلاک کردیا جائے گا اور اس اصول پر کسی قسم کی خلاف ورزی یا وضاحت نہ قابل قبول ہو گی۔

خیال رہے کہ پوپ اپ بلاکر کی طرح ایڈ بلاکر بھی کروم کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں ایڈریس بار میں شو ہوگا جب کہ موبائل استعمال کرنے والے صارفین کے لیے یہ آپشن موبائل میں اسکرین کے نیچے موجود ہو گا اور صارفین کو بلاک کیے اشتہارات کی تعداد بھی بتائے گا۔

گوگل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ایڈ بلاکر کو ویب اشتہارات کے لیے بہتر اور کارگر بنانا ہے جس کے لیے 42 فیصد ویب سائٹس نے بہتر اشتہارات کے لیے گوگل کی جانب سے مقرر کردہ اصولوں کے تحت اشتہارات بنانے کا وعدہ کیا ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے اور صارفین بلا تعطل سرفنگ کر سکیں گے۔

Comments
Loading...