کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس دس ایونٹس میں حصہ لیں گے، اعظم ڈار

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) پاکستان کامن ویلتھ گیمز میں دس کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے گا ، کامن ویلتھ 4 سے 15 اپریل تک آسٹریلیا ہوں گے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا محمد اعظم ڈار نے اے پی پی کو بتایا کہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے 80 کے قریب کھلاڑیوں اور آفیشلز دس مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کریں گے، ان کھیلوں کے مقابلوں میں اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، ہاکی، شوٹنگ، سکواش،سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ نے متفقہ طور پر کامن ویلتھ گیمز میں ان دس کھیلوں کے مقابلوں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور ان گیمز کے مقابلوں میں میڈلز حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ میں میڈل حاصل کرنے کی توقع ہے، انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ مختلف مقامات پر جاری ہیں اور ان کھلاڑی کو کوچز جدید اور اعلیٰ تربیت دے رہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں اعظم ڈار نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے33 ملین رقم کی سمری وزارت بین الصوبائی رابطہ کو بھیجی تھی جو کہ وزارت فنانس میں ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنی ہے اور کھیل کے میدان میں کھلاڑیوں نے کام دکھانا ہوتا ہے اور امید ہے کہ جس طرح ہمارے کھلاڑی تربیتی کیمپوں میں بھر پور تربیت حاصل کر رہے ہیں اور کھیل کے میدان میں جذبے کے ساتھ اتریں تو کئی کھیلوں کے مقابلوں میں پاکستان کے لئے میڈلز لائے جا سکتے ہیں، واضع رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں اتھلیٹکس کے مقابلوں میں دو کھلاڑی جن میں ایک مرد اور ایک خواتین، بیڈمنٹن میں دو مرد اور دو خواتین، باکسنگ میں چار مرد، ہاکی میں 18 مرد، شوٹنگ 5 مرد اور دو خواتین، سکواش میں دو مرد اور دو خواتین، سوئمنگ میں ایک مرد اور ایک خواتین، ٹیبل ٹینس میں دو مرد اور دو خواتین ، ویٹ لیفٹنگ میں 8 مرد اور ریسلنگ میں 5 مرد کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

Comments
Loading...