
بھارت لائن آف کنٹرول کے ساتھ کنٹونمنٹس اور ایئر بیسز قائم کر رہا ہے،کسی بھی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا،تمام اداروں کو اپنی ڈومین کے تحت کام کرنا چاہیئے،پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک میں ووٹ کی حرمت کے لیے کام جاری رکھے گی
اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) وزیر دفاع انجنیئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول کے ساتھ کنٹونمنٹس اور ایئر بیسز قائم کر رہا ہے،کسی بھی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا،تمام اداروں کو اپنی ڈومین کے تحت کام کرنا چاہیئے،پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک میں ووٹ کی حرمت کے لیے کام جاری رکھے گی۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج اپنے مادر وطن کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، انہوں نے مذید کہا کہ بھارت کولڈ سٹارٹ ڈاکٹرائن پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2017ءمیں بھارت نے پاکستان کے ساتھ مزاکرات کا موقع کھو دیا ہے جبکہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر کئی بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں بھی کی ہیں۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 2015ءمیں خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں تیز کر دیں جبکہ دہشت گردی کی باقیات کے جڑ سے خاتمے کے لیے آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی اگلی نسل کو مکمل امن فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے امریکہ کی بھارت کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری میں اضافے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے سنجیدہ اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے میں پاکستان کی مدد پر چینی خدمات کو بھی سراہا۔