سلمان خان نے گیم شو کی میزبانی کیلئے کروڑوں روپے کی ڈیل کرلی

بالی وڈ اسٹار سلمان خان نے ٹی وی گیم شو ’دس کا دم‘ کے تیسرے سیزن کی میزبانی کے لیے 78 کروڑ روپے کی ڈیل کرلی۔

سلمان خان سلور اسکرین کے علاوہ چھوٹی اسکرین پر بھی بے حد مقبول ہیں اور وہ مشہور ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کی میزبانی کرتے ہیں۔

دبنگ خان نے بگ باس کے سیزن 11 کے لیے ایک قسط کے 11 کروڑ روپے لیے تھے اور مجموعی طور پر انہوں نے 330 کروڑ روپے کا معاہدہ کیا تھا۔

اب سلمان خان نے ٹی وی گیم شو ’’دس کا دم‘‘کے لیے بھی بھاری معاوضے کی ڈیل کرلی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان رواں برس مئی میں مشہور شو ’دس کا دم‘ کے تیسرے سیزن کی میزبانی کرتے نظر آئیں گے۔

دبنگ خان نے شو کے لیے چینل سے مجموعی طور پر 78 کروڑ روپے کی ڈیل کی ہے جو کہ انہیں شو کی 26 اقساط کے لیے دی جائے گی۔

سلمان خان کو ایک قسط کا معاوضہ 3 کروڑ  روپے دیا جائے گا۔

سلو میاں کا یہ شو مئی میں شروع ہوگا جس میں امیدوار کو 5 سوالوں کے صحیح جواب دینے ہوتے ہیں اور تمام سوالوں کے صحیح جواب دینے پر اسے 10 کروڑ روپے بطور انعام دیے جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وہ اس گیم شو کے دونوں سیزن کی میزبانی بھی کرچکے ہیں اور دس کا دم ٹی وی کے کامیاب ترین شوز میں شمار ہوتا ہے۔

Comments
Loading...