پریا پرکاش نے متعدد فلموں کی پیش کش ٹھکرادی

لاہور:  ایک مختصر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اسٹار بن جانے والی ملائلم اداکارہ پریا پرکاش وریئر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں بھارت کی متعدد فلم انڈسٹریز کی جانب سے فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی ہے۔

بھارتی ملائلم فلم کے رومانٹک گانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پریا پرکاش وریئر اسٹار بن گئی تھیں۔ تاہم اب انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں متعدد فلم انڈسٹریز کی جانب سے کئی فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی ہے۔ تاہم وہ اس کے باوجود فلموں میں کام نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے فلموں میں کام نہ کرنے کا سبب بتاتے ہوئے وضاحت کی کہ وہ اس وقت اپنے آنے والی ملائلم فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اگست 2018 تک کسی بھی فلم میں کام نہیں کرسکتیں، البتہ انہوں نے تجویز دی کہ بھارت میں ان سے بھی زیادہ ہوشیار، خوبصورت اور ٹیلنٹڈ چہرے موجود ہیں، جنہیں کاسٹ کیا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پریا پرکاش کے انسٹاگرام پر ایک ہی دن میں 6 لاکھ 30 ہزار فالؤرز بنے تھے اور اب تک ان کے فالؤرز کی تعداد بڑھ کر30 لاکھ 80 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔ ان کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں وہ اپنے ساتھی اداکار کے ساتھ آنکھوں کے اشاروں کے ذریعے شرارتیں کرتے نظرآئی تھیں۔

Comments
Loading...