
سنگاپور ایئرلائنز کے خالص منافع میں تیسری سہ ماہی کے دوران 62 فیصد اضافہ
سنگاپور ۔ 19 فروری (اے پی پی) سنگاپور کی فضائی کمپنی ” سنگاپور ایئرلائنز“ نے کہا ہے کہ کاروباری سال 2017-18 ءکی تیسری سہ ماہی کے دوران اس کے خالص منافع میں 62 فیصد اضافہ ہوا جس کی وجہ اس کی تمام شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہے۔ایئرلائن کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق کاروباری سال 2017-18 ءکی تیسری سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر) اس کا خالص منافع 286 ملین سنگاپور ڈالر (216.29 ملین امریکی ڈالر) رہا جو 2016 ءکے اسی عرصے کے خالص منافع 177 ملین سنگاپور ڈالر سے 62 فیصد زیادہ ہے۔سہ ماہی کے دوران کمپنی کا آپریشنل منافع 13 فیصد اضافے کے ساتھ 330 ملین سنگاپور ڈالر رہا، اس دوران مسافروں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ ایئرلائن کے ذریعے مال برداری کی سرگرمیاں بھی نسبتا زیادہ رہیں۔سہ ماہی کے دوران کمپنی کی کل آمدنی ٹکٹس کے نرخوں میں 3.1 فیصد اضافے کے باوجود گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 6 فیصد اضافے کے ساتھ 4.1 ارب سنگاپور ڈالر رہی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مسافروں اور کارگو سروس میں اضافے اور اس کے نتیجے میں خالص منافعے میں اضافہ توقع کے مطابق نہیں رہا جس کی وجہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ اور علاقے کی حریف ایئرلائنز سے بڑھتی مقابلہ بازی ہے۔