پی ایس ایل تھری کے آغاز سے قبل ہی لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا

آکلینڈ: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے آغاز سے قبل ہی لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا لگا ہے۔

لاہور قلندرز کے بیٹسمین کرس لین کاندھے کی انجری کا شکار ہوگئے جس کے بعد پی ایس ایل تھری میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کرس لین نیوزی لینڈ کے خلاف سہہ فریقی سیریز کے آج کھیلے جانے والے فائنل میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے دائیں کاندھے کی انجری کا شکار ہوئے جس کے بعد انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

زخمی کرس لین کو گراؤنڈ سے باہر لے جایا جارہا ہے۔ فوٹو: بشکریہ کرک انفو

کرس لین اس سے قبل بائیں کاندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور حال ہی میں انہوں نے سرجری بھی کرائی تھی۔

دوسری جانب لاہور قلندرز کی منیجر ثمین رانا کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل تھری میں کرس لین کو دیکھنا چاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے وہ زخمی ہوگئے اور ان کی انجری مایوس کن خبر ہے۔

خیال رہے کہ 22 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی ٹیم اپنا پہلا میچ 23 فروری کو ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔

Comments
Loading...