
فیس بک میسنجر نے صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا
لاہور: اگر آپ نے کبھی میسنجر پر گروپ وائس یا ویڈیو کال کی ہو تو اس سے ضرور واقف ہوں گے یہ آسان کام نہیں ہوتا۔
میسنجر پر گروپ وائس یا ویڈیو کال سے پہلے آپ کو اپنے دوستوں کو اکھٹا کرکے ایک نیا گروپ تشکیل دینا پڑتا ہے اور پھر اس چیٹ ونڈو کے اندر ہی کال کرکے آپ بیک وقت متعدد دوستوں سے بات کرسکتے ہیں۔ فیس بک نے اس پیچیدہ طریقہ کار کو بدل دیا ہے اور گروپ کالز کو آسان طریقے سے کرنے کا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
اب آپ دوست سے وائس یا ویڈیو کال کی ونڈو پر ایڈ پرسن آئیکون کو کلک کرمزید دوستوں کو کال میں شامل کرسکتے ہیں۔ اس طرح آپ لوگوں کو منتخب کرکے ان سب کو اپنی اسکرین پر دیکھ بھی سکتے ہیں، اگر ویڈیو چیٹ کا آپشن اختیار کیا جائے۔ اور دلچسپ بات یہ ہے کہ بیک وقت متعدد افراد سے بات چیت کے دوران فلٹرز بھی کام کرتے رہیں گے۔ یہ فیچر آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے دستیاب ہے۔ اس فیچر سے مستفید ہونے کے لیے بس اپنے فیس بک میسنجر کو اپ ڈیٹ کرلیں۔