سرکاری حج سکیم کی عدم قرعہ اندازی کے باعث 3لاکھ 90ہزار درخواست گزاراضطراب کا شکار

وزارت افسران نگران حکومت کو مشکلات سے دوچار کرنے کےلئے حج قرعہ اندازی کو عدالتوں کی جانب سے فیصلے تک موخر کرنے کا فیصلہ
درخواست گزاروں کی جانب سے جمع 1کھرب 6ارب پر بینک روزانہ کروڑوں روپے منافع کمانے لگے،ذرائع
اسلام آباد( اعجاز خان) وزارت مذہبی امور کی جانب سے سرکاری حج سکیم کی قرعہ اندازی نہ ہونے کی وجہ سے 3لاکھ 90ہزار درخواست گزار مرد خواتین اضطراب کا شکار ہیں ،عدالت کی جانب سے 50فیصد عازمین کےلئے قرعہ اندازی کرنے کی اجازت ملنے کے باوجود وزارت نے قرعہ اندازی موخر کر دی ،گذشتہ ایک مہینے سے شیڈول بنکوں میں درخواست گزاروں کی جانب سے جمع شدہ1کھرب 6ارب روپے پر بنک روزانہ کے حساب سے کروڑوں روپے منافع کمانے لگے ہیں ،درخواست گزاروں نے وزیر اعظم پاکستان سے فوری مداخلت کی اپیل کر دی ہے ۔وزارت مذہبی امور نے ماہ جنوری میں سرکاری حج سکیم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے سرکاری حج سکیم کا کوٹہ 60فیصد سے بڑھا کر 67فیصد کر دیا گیا اور 15جنوری سے حج درخواستیں طلب کی جس کےلئے قرعہ اندازی کی تاریخ 26جنوری مقرر کی گئی وزارت کی جانب سے حج کوٹہ بڑھانے کے خلاف پرائیویٹ حج ٹور اپریٹرزنے عدالتوں سے رجوع کر لیا اور عدالت کی جانب سے وزارت مذہبی امور کو 67فیصد حج کوٹے پر قرعہ اندازی کرنے سے روک دیا گیا تاہم عدالت کی جانب سے وزارت کو 50فیصد حج کوٹے پر قرعہ اندازی کرنے کی اجازت دیدی گئی مگر وزارت کے افسران نے عدالت کی اجازت کو نظرانداز کرتے ہوئے سرکاری حج سکیم کے تحت قرعہ اندازی کو موخر کر دیا ہے جس کی وجہ سے سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستیں جمع کرانے والے 3لاکھ 90ہزار مرد خواتین کی جانب سے بنکوں میں جمع کرائے جانے والے 1کھرب 6ارب روپے پھنس گئے ہیں اور بنک ان رقومات پر روزانہ کے حساب سے کروڑوں روپے کمانے لگے ہیں جس کا فائدہ نہ تو وزارت کو ہے اور نہ ہی درخواست گزاروں کو دیا جائے گا ذرائع کے مطابق وزارت کے افسران نے آنےوالے نگران حکومت کو مشکلات سے دوچار کرنے کےلئے سرکاری حج قرعہ اندازی کو عدالتوں کی جانب سے فیصلے تک موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ سرکاری حج قرعہ اندازی میں تاخیر کی وجہ سے سعودی عرب میں رہائش گاہوں اور ٹرانسپورٹ کے حصول میں بھی تاخیر ہوگی جس کی وجہ سے آنے والے نگران حکومت کو حج معاملات میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا ہوگا ذرائع کے مطابق گذشتہ سال حج کے موقع پر وزارت نے سرکاری حج کوٹے کو 60فیصد تک بڑھا دیا تھا تاہم حج کےد وران سرکاری سطح پر جانے والے عازمین کی جانب سے مشکلات درپیش ہونے کی شکایات سامنے آئی تھی جبکہ امسال وزارت نے حج کوٹے میں مزید 7فیصد اضافہ کرکے نگران حکومت کےلئے ایک مشکل ٹاسک رکھنے کی کوشش کی ہے سرکاری حج سکیم کے تحت رقومات جمع کرانے والے سرکاری حج قرعہ اندازی میں ایک ماہ کی تاخیر کی وجہ سے شدید اضطراب کا شکار ہیں اور انہوںنے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے

Comments
Loading...