اداروں کے غیر قانونی استعمال سے انتشار پھیل رہا ہے، سعد رفیق

لاہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ انصاف اور احتساب کے اداروں کے غیر قانونی استعمال سے بےچینی اور انتشار پھیل رہا ہے-

سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور ریاستی اداروں میں موجود منفی عناصر جمہوری نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جب کہ مسلم لیگ (ن) اور اس کی حکومتوں کی کردار کشی کی مذموم مہم خشوع وخضوع کے ساتھ جاری ہے-

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلسل 70 برس جمہوریت پسندوں کو غدار اور چور قرار دے کر ملکی سالمیت کے لئے خطرہ قرار دیا گیا لیکن ہر بار عوام نے انہیں ہی ووٹ دیا اور اگر الیکشن ہوا تو اس بار بھی یہی ہوگا-

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ انصاف اور احتساب کے اداروں کے غیر قانونی استعمال سے بےچینی اور انتشار پھیل رہا ہے، خدارا پاکستان کو چلنے دیا جائے۔

Comments
Loading...