
سری دیوی کی میت کو آج دبئی سے انڈیا لایا جائے گا
بالی ووڈ کی شوخ و چنچل اداکارہ دبئی میں شادی کی ایک تقریب کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی تھیں
ممبئی: بالی ووڈ کی شوخ و چنچل اداکارہ سری دیوی کی میت کو آج دبئی سے ممبئی لایا جائے گا جہاں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ سری دیوی جو دبئی میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کی غرض سے گئی تھیں کو تقریب کے دوران ہی دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں طبی امداد دی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
سری دیوی کو جب ہسپتال منتقل کیا گیا تو وہ وہ دار فانی سے کوچ کر چکی تھیں اور اس بات کی تصدیق ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بھی کی تھی کہ وہ ہسپتال آنے سے قبل زندگی کی بازی ہار چکی تھیں۔ اداکارہ کے دیور سنجے کپور نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ سری دیوی کو کبھی ماضی میں دل کی تکلیف نہیں رہی تھی۔
سری دیوی دبئی کے جمیرا ایمراٹس ٹاورز ہوٹل میں مقیم تھیں ۔ وہ شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے تیار ہونے کیلئے کمرے میں آئی تھیں ۔ کافی دیر تک جب وہ کمرے سے باہر نہیں آئیں تو ان کے شوہر بونی کپور انہیں بلانے کیلئے کمرے میں آئے تو سری دیوی باتھ ٹب میں بے حس و حرکت پڑی تھیں۔
بونی کپور نے فوری طور پر ہوٹل انتظامیہ کو اطلاع دی جنہوں نے سری دیوی کو ہسپتال منتقل کیا لیکن وہ کسی بھی قسم کی طبی امداد ملنے سے قبل ہی مر چکی تھیں۔ سری دیوی کی میت کو دبئی سے ممبئی لانے کیلئے ایمبریئر 135-بی جے طیارہ معروف بزنس مین انیل امبانی نے فراہم کیا ہے۔
سری دیوی کی موت کی خبر سنتے ہی اداکار انیل کپور اور سونم وطن واپس لوٹ آئے۔دونوں سری دیوی کی آخری رسومات میں شریک ہوں گے۔