اربوں روپے سبسڈی کے باوجود 4 پاور کمپنیوں کا نقصان 100 ارب سے تجاوز

کراچی:  اربوں روپے کی سبسڈی دیئے جانے کے باوجود ایک سال کے دوران چار پاور کمپنیوں کا نقصان 100 ارب روپے سے بھی تجاوز کر گیا۔

حکومت کی جانب سے دی جانے والی اربوں روپے کی سسبسڈی بھی پاور کمپنیوں کو نقصان سے نہ بچا سکی، اسلام آباد، ملتان، پشاور اور گجرانوالا الیکٹرک کمپنیوں کا نقصان 30 جون 2018 میں گذشتہ سال کے مقابلے دگنا ہوگیا۔

اعداد شمار کے مطابق ایک سال کے دوران ان چار پاور کمپنیوں کا نقصان 108 ارب روپے تک پہنچ گیا جبکہ اس عرصے میں ان کمپنیوں کو 113 ارب روپے کی سبسڈی بھی دی گئی۔

پاور کمپنیوں کی فنانشل رپورٹس کے مطابق ایک سال میں پشاور الیکٹرک کا نقصان 24 ارب روپے اضافے سے 43 ارب روپے، اسلام آباد الیکٹرک کا نقصان 16 ارب روپے اضافے سے 27 ارب روپے، ملتان الیکٹرک کے نقصانات 15 ارب روپے اضافے سے 33 ارب روپے تک پہنچ گئے۔ دوسری جانب گجرانوالا الیکٹرک کی 7 ارب روپے کی آمدنی ایک سال کے دوران 5 ارب کے نقصان میں بدل گئی۔

Comments
Loading...